برادر اسلامی ملک ترکی میں اردو کی تدریس کا سلسلہ تین مختلف یونیورسٹیوں میں جاری ہے۔ جن میں انقرہ یونیورسٹی بھی شامل ہے۔ انقرہ یونیورسٹی کی فیکلٹی آف لینگوایجز ہسٹری اینڈ جیوگرافی کی استاد ایمل سیلم (Emel Siylim) اور محترمہ ایلف اجوں نے ادارہ تالیف و ترجمہ کا دورہ کیا۔ انھوں نے تدریس اردو اور علمی موضوعات کے حوالے سے ادارے کے ڈائریکٹرپروفیسرڈاکٹرزاہدمنیرعامرسے گفتگو کی اور انقرہ یونیورسٹی اور ادارہ تالیف و ترجمہ کے درمیان اشتراک کار کی خواہش کا اظہار کیا۔ سربراہِ ادارہ نے انھیں ادارہ کے مقاصد اور کارکردگی سے آگاہ کیا اور تدریس اردو کے متعلق ادارہ کی مطبوعات پیش کیں نیز ضروری اردو متون کو ترکی زبان میں منتقل کرنے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔مہمان اسکالرزنے ترکی اور پاکستان کو ایک دوسرے کے قریب لانے کے سلسلے میں ان کے سفرنامہ ترکی”دیارشمس“ کی تعریف کی اور توقع ظاہرکی کہ ان کی سربراہی میں یہ ادارہ دونوبرادرا سلامی ممالک کو علمی و ادبی حوالوں سے ایک دوسرے کے قریب لانے میں مزیداہم کردار ادا کرے گا |