لاہور(پ۔ر) پنجاب یونیورسٹی کا ادارہ تالیف و ترجمہ یورپ میں اردو کے قدیم ترین ادارے کلیہ علوم شرقیہ نیپلز کے ساتھ مشترکہ منصوبوں پر کام کرے گا۔ نیپلز یونیورسٹی اٹلی کے ریکٹرپروفیسر ڈاکٹررو برٹوٹوٹیلی اور پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اخترنے اس سلسلہ میں مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کر دیے ہیں۔ معاہدہ ادارہ تالیف و ترجمہ کے ڈائریکٹر ڈاکٹرزاہد منیر عامرکی کوششوں سے عمل میں آیا ہے۔ادارے کوبین الاقوامی منظرنامے سے جوڑنے کی یہ اپنی نوعیت کی پہلی کوشش ہے۔ دونوں جامعات کے سربراہوں نے اس معاہدے کو ممکن بنانے کے سلسلے میں ڈاکٹر زاہد منیر عامرکی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔اس معاہدے کے تحت دونوں جامعات،اساتذہ اور طلبہ کا باہمی تبادلہ کریں گی اور تحقیقی منصوبوں اور اشاعت ِ کتب میں بھی ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کیا جائے گا۔ توقع ہے کہ پنجاب یونی ورسٹی کاادارہ تالیف وترجمہ،نیپلز یونیورسٹی اٹلی کے ساتھ مل کر جلد ہی کچھ تحقیقی اور اشاعتی منصوبے شروع کرے گااور یہ منصوبے اردو ادب اور دونوں ممالک کے باہمی تعلقات میں فروغ اور ترقی کا باعث ہوں گے |